نئی دہلی، 13دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کی اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے جس میں اس نے کرکٹ ادارے میں اہم تبدیلی کرنے کے سلسلے میں جسٹس آر ایم لوڈھا پینل کی سفارشات کو لاگو کرنے کے 18جولائی کے اس کے حکم کا جائزہ لینے کی اپیل کی گئی تھی۔چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر اور جسٹس ایس اے بوبڈے کی بنچ نے کہا کہ ہم نے جائزے میں دئے گئے دلائل د پر غور کیا، ہمیں 18جولائی 2016کے اپنے حکم میں واضح طور پر کوئی غلطی نظر نہیں آتی ہے،اس کا جائزہ لینے کی درخواست کو مسترد کر دیا جاتا ہے۔یہ حکم دس نومبر کو دیا گیا تھا لیکن اسے حال میں عدالت عظمی کی ویب سائٹ پر ظاہر کیا گیا۔کرکٹ ایسوسی ایشن آف بہار نے اپنے سیکرٹری آدتیہ کمار ورما کے ذریعے بورڈ کی مخالفت کی تھی۔ورما کی درخواست پر ہی عدالت عظمی نے بی سی سی آئی انتظامیہ میں غیرمعمولی تبدیلیوں کی ہدایات دینے کا فیصلہ کیا تھا۔بی سی سی آئی نے اپنے جائزہ پٹیشن میں کھلی عدالت میں سماعت کی مانگ کی تھی اور اس کرکٹ ادارے کے علاوہ سابق کرکٹ ایڈمنسٹریٹر نرنجن شاہ اور چندو بورڈے سمیت کئی دیگر نے فیصلے کا جائزہ لینے کی مانگ کی تھی۔